بودھن میں سڑکوں کی توسیع اور ڈرینج کے کام ادھورے

بودھن۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر میں ترقیاتی کام انجام دینے کا کانگریس پارٹی اور ٹی آر ایس دونوں دعوے کررہے ہیں۔ اگر دعوؤں کی تصدیق کیلئے بودھن شہر کی اہم سڑکوں کا دورہ کرنے پر تمام دعوے کھوکلے لگتے ہیں۔ امبیڈکر چوراستہ تا ہیڈ پوسٹ آفس تک سڑک کی کشادگی کے کاموں کا آغاز ہوئے تقریباً تین سال کا عرصہ گذرا، پولیس اسٹیشن کی دیوار نہ ہٹانے سے قدیم بس اسٹانڈ کے قریب سڑک کی توسیع کا کام رکا ہوا ہے اور اس طرح بس اسٹانڈ قدیم پر زیر زمین پانی کے پائپ لائنس کا کام ادھورا ہے اور اس اہم سڑک پر واقع سابق صدر نشین بلدیہ بودھن جناب محمد ابراہیم کا مکان ہے جہاں ڈرینج کی توسیع کیلئے تین ماہ قبل سابق چیرمین کے گھر کے سامنے کھدوائی کی گئی جہاں تقریباً چار فیٹ گہرا اور تقریباً پانچ فٹ چوڑی موری کھدوائی گئی ہے۔ مالک مکان کے بموجب ارباب مجاز سے کئی بار اس موری کا کام مکمل کروانے زبانی اور تحریری طور پر توجہ دلائی گئی۔ سابق صدرنشین کی نمائندگی کو بھی خاطر میں نہ لانے والے عہدیداروں سے عام شہری کس طرح کی توقعات رکھ سکتے ہیں۔