بودھن میں رائے شماری مرکز کا معائنہ

بودھن۔7مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن ڈیویژن کے 12منڈلوں میں ایم پی ٹی سی کی مخلوعہ نشستوں کیلئے ہوئی رائے دہی کی 13مئی کو آر کے انجنیئرنگ کالج آف ٹکنالوجی بودھن میں رائے شماری مقرر ہے ۔ ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر مسٹر پربھومنا نے کل کالج کا دورہ کرتے ہوئے رائے شماری کیلئے مقرر کمروں اور امیدواروں و ایجنٹس کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی پریسائڈنگ آفیسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران غیر مجاز افراد کو رائے شماری مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جانی چاہیئے ‘ سوائے امیدوار اور ایجنٹ جو قبل از وقت رائے شماری مرکز میں داخلے کیلئے پاس حاصل کرچکے صرف انہیں ہی ووٹوں کی گنتی کے دوران اندر داخل ہونے کی اجازت ہوگی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کے ہمراہ موجود ضلع ایس پی مسٹر ترون جوشی نے کالج کے اطراف و اکناف کا معائنہ کرنے کے بعد کالج کے چاروں سمت پہرا لگانے کی پریسائیڈنگ آفیسر کو ہدایت دی ۔ اس موقع پر تحصیلدار بودھن سریکانت کے علاوہ سب کلکٹر بودھن مسٹر ہری نارائن آئی اے ایس آفیسر بھی موجود تھے ۔