بودھن میں بیوی کو ہراسانی کے خلاف سزائے قید

بودھن۔25جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ساتویں اڈیشنل سیشن کورٹ بودھن کے معزز جج گووردھن ریڈی نے کل سہ پہر اپنے اجلاس پر دیئے گئے فیصلے میں ریجنل منڈل کے موضع نیسلہ کے وائی سائیلو کو اپنی بیوی کو مسلسل ذہنی و جسمانی اذیتیں پہنچاکر اقدام خودکشی کرنے پر مجبور کرنے کے الزام میں تین سال کی سخت سزا قید اور ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ۔ تفصیلات کے بموجب نظام آباد کے محلہ سیتارام نگر کے ملیا نے اپنی بیٹی راجامنی کی شادی سال 2004ء میں وائی سائیلو سے کی ۔ سائیلو کے ساتھ راجہ منی نے بمشکل چھ ماہ خوشگوار زندگی گذاری۔ بعد ازاں سائیلو نے مزید جہیز کا مطالبہ کرتے ہوئے راجہ منی کو ہراساں کرتا چلا آرہا تھا ۔ راجہ منی شوہر کے مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر 15اگست 2009ء کو جسم پر کیروسین چھڑک کر آگ لگالی جس کو فوری ہاسپٹل نظام آباد منتقل کیا گیا جہاں دو دنوں کے بعد راجہ منی کی موت واقع ہوگئی ۔ راجہ منی کے والد ملیا نے شوہر اور سسر جالنا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ معزز جج نے سسر کے خلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری کردیا اور شوہر وائی سائیلو کو تین سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی۔ پولیس کی جانب سے اس کیس کی پیروی گریدھر راج ایڈوکیٹ نے کی۔