بودھن۔4مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر کے بلدی حلقہ نمبر 16اعظم گنج میں واقع 103 پلاٹس مالکین نے ان کا رجسٹرڈ و مقبوضہ پلاٹس پر بعض افراد کی جانب سے ناجائز قبضہ کی نیت سے ناگر چلانے کی شکایت کرتے ہوئے پلاٹس مالکین نے تحصیلدار سدرشن اور اڈمنسٹریٹیو آفیسر ستیہ نارائنا سے ملاقات کرتے ہوئے یاداشت پیش کی ‘ پلاٹس مالکین کے وفد کی قیادت چیرمین اگریکلچر مارکٹ کمیٹی گنگا شنکر ٹی ڈی پی قائد بی راجیشور صدر کانگریس بودھن جی پرساد و دیگر نے کی ۔ بعد ازاں گیسٹ ہاؤز میں منعقدہ پریس کانفرنس سے چیرمین مارکٹ کمیٹی گنگا شنکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بودھن شہر میں سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بلال تالاب کا فاضل پانی کے اخراج کیلئے موجود نالے کی اراضی پر قبضہ ہوچکا ہے اور سابق نظام شوگر فیاکٹری کی اراضیات پر قبضوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے ایک کُل جماعتی کمیٹی قائم کی گئی ۔ یہ کمیٹی کا وفد ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے بودھن حلقہ اسمبلی میں موجود سرکاری اراضیات اور خانگی اراضیات پر جاری جبری قبضوں سے کلکٹر کو واقف کروائیں گے ۔