بودھن میں آنگن واڑی ورکرس کا احتجاج

بودھن /15 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بودھن پراجکٹ حدود میں واقع آنگن واڑی مدارس کے عملے نے سی ای ٹی یو انٹک یو تین نے جھنڈے تلے دفتر آر ڈی او آفس کے سامنے اپنے دیرینہ مطالبوں کی تکمیل کیلئے آج سے غیر معینہ مدت کا احتجاج شروع کردیا ۔ اس موقع پر ڈیویژن صدر کامریڈ گنگادھر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ماہ 26 اگست کو مقامی رکن اسمبلی محمد شکیل عامر کو آنگن واڑی مدارس کے عملے کے مسائل سے واقف کرواتے ہوئے آنگن واڑی ڈیویژن COP کی طرف سے ڈیویژن بھر کی خاتون ورکرس کو حراساں کرنے کے خلاف تقریباً 200 خواتین نے اپنے مسائل پیش کئے تھے ۔ گنگادھر نے بتایا کہ شکیل عامر نے COP کا فوری تبادلہ کروا دینے کا خواتین کو تیقن دیا تھا ۔ لیکن تاحال خاتون COP اور ان کے شوہر مبینہ طور پر آنگن واڑی ورکرس کو طرح طرح سے ہراساں و پریشان کرتے ہوئے کبھی Data انٹری کے نام سے تو کبھی کمپیوٹر فیڈنگ کا بہانہ کرتے ہوئے فی کس دو تا تین سو روپیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ گنگادھر نے کہا کہ ضلع نظام آباد کے دیگر ڈیویژن کے عملے کو ہر ماہ باقاعدہ تنخواہیں و دیگر اخراجات کی رقم کی اجرائی عمل میں آتی رہتی ہے لیکن یہاں گذشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کے علاوہ پکوان گیس اور دیگر بنیادی ضرورتوں کیلئے مختص رقم کی اجرائی تاحال عمل میں نہیں آئی ۔ گنگادھر نے آنگن واڑی ملازمین کے تمام مطالبات پر مبنی ایک یادداشت آر ڈی او بودھن کے حوالے کیا اور ان کے مطالبات کی یکسوئی تک تمام ڈیویژن کے آنگن واڑی مدارس کے عملے کے افراد سے دفتر آر ڈی او کے سامنے دھرنہ منظم کرنے کا اعلان کیا ۔