بودھن میں آنکھوں کے مفت معائنہ کیمپ کا انعقاد

بودھن 23 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)واسن ای کیر ہاسپٹل نظام آباد کی جانب سے آج بودھن کے آر کے انجینئرنگ کالج آف ٹکنالوجی میں انکھوں کے مفت معائنہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پرنسپل کالج ہذا ڈاکٹر محمد حفیظ الدین نے اپنے خطاب میں واسن ای کیر ہاسپٹل انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آنکھیں قدرت کی جانب سے انسانوں کو دیئے گئے پیش بہا عطیات میں سے ایک انمول عطیہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنکھیں ایک حساس عضو ہے لیکن عام طور پر آنکھوں کی حفاظت کے تعلق سے لاپرواہی برتی جاتی ہے جس کے باعث تقریبا 90 فیصد افراد کی بینائی وقت سے پہلے ہی کمزور ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ آج کے اس عصری دور میں ہر فرد کو باقاعدہ بینائی کا معائنہ کروانا ناگزیر ہوگیا ۔ پرنسپل نے واسن ای کیر کی جانب سے آر کے انجینئرنگ کالج بودھن میں مفت معائنہ کیمپ کے انعقاد پر ہاسپٹل انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا آج کے اس معائنہ کیمپ میں کالج کے لکچررس و عملے کے افراد،طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے معائنہ کیمپ میں اپنے آنکھوں کی جانچ کروائئیں۔ اس کیمپ میں معائنہ کروانے والوں کو حسب ضرورت ادویات تقسیم کئے گئے واسن ہاسپٹل کی جانب سے ڈاکٹر راجندر پرساد مارکٹنگ ایگزیکٹیو راج شیکھر ،گنیش سنگھ ٹکنیشن ،لوکیش و دیگر عملے کے افراد نے حصہ لیا ۔ اس معائنہ کیمپ کا جناب صلاح الدین کے زیر نگرانی اہمتام کیا گیا تھا ۔