بودھن میں آج احتجاجی پروگرام جناب عامر علی خان کے علاوہ دیگر معززین شرکت کریں گے

۔12 فیصد تحفظات تحریک
بودھن۔/7فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تحفظات کمیٹی بودھن کے عہدیداروں کے اجلاس کا کل انعقاد عمل میں آیا جس میں کمیٹی کے صدر مولانا عبدالحمید السائح قاسمی، مولانا عبدالباقی قادری نظامی، جناب عابد حسین فاروقی اور کامریڈ شیخ بابو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 8فبروری کو 11 بجے دن مرحبا فنکشن پیالیس بودھن میں کمیٹی کے زیر اہتمام ایک احتجاجی پروگرام منعقد ہوگا جس میں حکومت پر زور دیا جائے گا کہ مسلم تحفظات کے وعدہ کی تکمیل کرنے جاریہ پارلیمانی اجلاس میں ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے تلنگانہ کے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی جناب عامر علی خاں کے علاوہ جمعیت العلماء ، جماعت اسلامی ، کانگریس ، ٹی ڈی پی ، سی پی آئی کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے عہدیدارشرکت کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر مرحبا پیالیس سے ایک احتجاجی ریالی نکالی جائے گی جو سب کلکٹر آفس پہنچ کر سب کلکٹر بودھن کو یادداشت پیش کی جائے گی۔

درگاہ قاضی پیٹ میں کل جشن امام احمد کبیر رفاعی ؒ کااہتمام: خسرو پاشاہ
حیدرآباد۔/7 فبروری، ( سیاست نیوز) احاطہ درگاہ شریف قاضی پیٹ میں بروز جمعہ 9 فبروری کو بعد نماز مغرب جشن امام احمد کبیر رفاعی ؒ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں مشائخین، مریدین و عقیدتمندوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ جلسہ کی صدارت حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ انجام دیں گے اور حضرت علامہ مولانا سید شاہ بختیار بیابانی رفاعی، مولانا تحمل حسین نورانی، مولوی محمد خان بیابانی و دیگر علمائے کرام کے خطاب ہوں گے۔ صدر اجلاس حضرت خسرو پاشاہ کا خصوصی خطاب ہوگا اور پروگرام کے اختتام پر لنگر اور رفاعیہ بیابانیہ جاری ہوگا۔