بودھن۔16مئی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد کے 9اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کئے ہوئے امیدواروں کے محصولہ ووٹوں کی ڈچپلی کے سی ایم سی کالج میں آج 16مئی کو رائے شماری انجام دی گئی ۔ حلقہ اسمبلی بودھن سے ٹی آر ایس پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے امیدوار جناب محمد شکیل عامر نے اپنے قریبی حریف کانگریس پارٹی کے امیدوار مسٹر پی سدرشن ریڈی کو پانچ ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی ۔ جناب شکیل ضلع نظام آباد سے اس 2014ء کے عام انتخابات میں منتخب ہونے والے واحد مسلم رکن اسمبلی ہے ۔ انہوں نے اپنی جیت کا اعلان ہوتے ہی حلقہ اسمبلی بودھن کے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 15سالوں سے حلقہ اسمبلی بودھن میں ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے تھے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ آئندہ پانچ سالوں میں قائد ٹی آر ایس مسٹر کے سی آر کی سرپرستی میں حلقہ اسمبلی بودھن کو سنہرے تلنگانہ کا ایک علاقہ بنانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑیں گے ۔