بس ڈرائیور زندہ جھلس کر فوت، کئی مسافر زخمی، دونوں گاڑیاں خاکستر
حیدرآباد ۔ /9 ستمبر (سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقہ بوئن پلی میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آئے خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں آر ٹی سی بس اور ویان کے درمیان تصادم سے بس ڈرائیور زندہ جھلس کر خاکستر ہوگیا جبکہ کئی مسافرین زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بوئن پلی سری لتا گارڈن کے قریب آج صبح آرمور ڈپو سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی بس جوبلی بس اسٹیشن سے روانہ ہوئی تھی کہ کچھ ہی دیر میں مخالف سمت سے آنے والی ویان نے اسے ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ کے بعد بس میں اچانک آگ لگ گئی جس کے سبب بس ڈرائیور گنگادھر جھلس کر فوت ہوگیا ۔ اس بس میں جملہ 50 مسافرین سفر کررہے تھے اور بس میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد 35 مسافرین بس کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگاکر اپنی جان بچالی جبکہ 15 مسافرین زخمی ہوگئے اور انہیں فوری گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ آرمور بس کی ڈپو سے تمام مسافرین باہر نکلنے کے بعد بس شعلہ پوش ہوگئی ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہر کے مختلف فائر اسٹیشنوں سے وابستہ 3 فائرانجن موقع واردات پر پہونچکر بس میں لگی آگ پر قابو پالیا ۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور گنیش وسرجن میں مصروف پولیس عملہ فوری حرکت میں آگیا اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ انسپکٹر بوئن پلی مسٹر این سدھیر نے بتایا کہ ویان ڈرائیور معین الدین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور لاپرواہی و دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے عدالت میں پیش کیا گیا ۔