بنیوال کی برطرفی سیاسی انتقام کا نتیجہ: کانگریس

جئے پور 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) میزورم کی گورنر کملا بنیوال کو برطرف کرنے کی مذمت کرتے ہوئے راجستھان کانگریس نے آج کہاکہ اُن کی برطرفی ’’غیر دستوری‘‘ ہے اور یہ ’’سیاسی انتقام‘‘ کا نتیجہ ہے۔ راجستھان پردیش کانگریس کے صدر سچن پائلیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بنیوال بحیثیت سابق کابینی وزیر اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر راجستھان کانگریس دور حکومت میں کام کرتے ہوئے ہندوستانی سیاست کی خصوصی شبیہہ بن چکی تھیں۔ اُن کی ساکھ نے اُنھیں یو پی اے دور حکومت میں گورنر گجرات بننے کی راہ ہموار کی۔ اُنھوں نے گجرات میں لوک پال کی جائیداد پُر کی تھی۔ اُن کی سیاسی اور عوامی زندگی ہمیشہ بے داغ رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاسی انتقام اور بے بنیاد الزامات کی وجہ سے اُنھیں گورنر میزورم کے عہدہ سے برطرف کیا گیا ہے۔ حالانکہ اُن کی میعاد کے صرف چند ماہ باقی تھے، اُن کی برطرفی غیر دستوری ہے۔