امریکی نفسیاتی خوف کے باعث دہشت گرد تنظیمیں وجود میں آئیں: سی پی آئی
نئی دہلی۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے بغداد اور ڈھاکہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے سبب دنیا بھر میں بنیاد پرستی کو فروغ ہورہا ہے جس نے ایک طبقہ کو دوسرے کے خلاف نبردآزما کردیا ہے۔ بائیں بازو جماعت نے دعوی کیا کہ تمام دہشت گرد تنظیمیں دراصل امریکہ کے پیدا کردہ نفسیاتی خوف کا راست یا بالراست نتیجہ ہیں۔ سی پی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں بنیاد پرستی جس طرح بڑھ رہی ہے اس بارے میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس نے ایک طبقہ کو دوسرے سے متصادم کردیا ہے۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ دہشت گرد تنظیمیں راست یا بالراست امریکہ کے پیدا کردہ نفسیاتی خوف کا نتیجہ ہیں۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں کل آئی ایس کے خودکش کار بم دھماکہ میں 200 افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں دہشت گردوں نے 20 افراد بشمول ایک ہندوستانی طالبہ کو ہلاک کردیا۔