بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات

سنگاریڈی ۔ 30 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی جدید کلکٹریٹ آفس آڈیٹوریم میں اربن ڈے کے موقع پر ضلع کلکٹر راہول بوجا کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں ضلع کے محکمہ بلدیہ کے کمشنرس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ضلع کلکٹر راہو بوجا نے بلدیہ کمشنر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو ذمہ داری سے کام انجام دینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑکیں ، نالیاں ، پینے کے پانی ، اسٹریٹ لائٹ اور پارکوں میں عوام کو سہولتیں فراہم کی جائیں اور ساتھ ہی ساتھ شہر کو خوبصورت اور پُر فضاء ماحول بنایا جائے ۔ بیانرس ، فلیکسی ، پوسٹرس وغیرہ جہاں کہیں بھی نظر آئے فوراً اس کو نکالدیا جائے ۔ اس سے پہلے ضلع کلکٹر کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی لیکن اس کے باوجود بھی بلدیہ کی جانب سے اس کو نظرانداز کیا گیا جس پر ضلع کلکٹر نے برہمی کا اظہار کیا ۔ نگر پنچایت اور بلدیہ کے حدود میں ایک خصوصی مہم کے ذریعہ اس کو نکالنے کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے شہر میں صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنگاریڈی اور ضلع میدک میں ایک ریتو بازار قائم کیا جائیگا ۔ جس کیلئے اراضی تلاش کی جارہی ہے ۔ بلدیہ کے حدود میں جہاں کہیں بھی ترکاری مارکٹ نہیں ہے وہاں پر مارکٹ قائم کرنے کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جائے اور کچرا جمع کرنے کیلئے ( ڈمپنگ یارڈ ) کیلئے سوئچھ بھارت سے فنڈس جاری کیا جارہا ہے مابقی ریاستی حکومت سے اس میں اضافہ کیلئے رقم حاصل کی جارہی ہے ۔ اس کیلئے محکمہ بلدیہ کے عہدیداروں کو ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر ایس سرینواس ریڈی ، سدی پیٹ میونسپل کمشنر کے وی رمنا چاری ، ایس سی کارپوریشن ای ڈی چرن داس ، ڈی ٹی سی پی ریجنل ڈائرکٹر آر این چاری ، ضلع کے مختلف نگر پنچایت اور بلدیہ کے کمشنرس موجود تھے ۔