ڈھاکہ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش اکتوبر میں آسٹریلیا کی 2 ٹسٹوں کی میزبانی کرے گا۔ دونوں ممالک کے مابین 9 سال کے بعد یہ پہلی سیریز ہوگی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے یہ بات بتائی۔ آسٹریلیا کی ٹیم 3 اکتوبر کو فتح اللہ میں سہ روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی ۔ 9 اکتوبر سے چٹگانگ میں پہلا ٹسٹ شروع ہوگا۔ دوسرا ٹسٹ 17 اکتوبر سے ڈھاکہ میں کھیلے جائے گا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے 2006ء میں آخری مرتبہ بنگلہ دیش میں کھیلا تھا اور دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ جاریہ سال کی یہ سیریز دونوں ممالک کے مابین تیسری سیریز ہوگی۔ بنگلہ دیش نے ونڈے میچس میں غیرمعمولی بہتری لائی ہے لیکن ٹسٹ میچس میں اب بھی اسے کافی کمزور سمجھا جارہا ہے۔ رینکنگ میں بھی 10 ممالک میں وہ 9 ویں مقام پر ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے جاریہ سال پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔