بنگلہ دیش 43 رنز پر ڈھیر،ٹسٹ کی مختصراننگز کا ریکارڈ

اینٹیگا۔5 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹسٹ کے ابتدائی سیشن میں 18.4 اوورز میں اپنے ٹسٹ کرکٹ میں کم ترین اسکور 43 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، یہ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اوورز کے اعتبار سے سب سے مختصر اننگز رہی۔ مہمان ٹیم کو تباہ کرنے میں فاسٹ بولر کیمر روچ نے کلیدی رول ادا کیا۔ انہوں نے5 اوورز میں 8 رنز کے عوض تمیم اقبال، مومن الحق، مشفق الرحیم ، شکیب الحسن اور محموداللہ کو پویلین لوٹایا اور اپنے وکٹیں کے تعداد 5کرلی۔ لٹن داس25رنز کے ساتھ نمایاں رہے،4کھلاڑی کھاتہ ہی نہ کھول سکے۔ کمنز نے 3 اور جیسن ہولڈر نے 2 وکٹیں لی۔ بنگلہ دیش اس سے قبل 2007 میں سری لنکا کے خلاف 62 پر آئوٹ ہوئی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں پر 201 رنز اسکور کرلئے۔ اوپنر براتھ ویٹ 88 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلنے کے علاوہ ساتھی اوپنر اسمتھ کے ہمراہ پہلی وکٹ کے لئے 113 رنز بنائے۔اسمتھ نے 58 رنز اسکور کئے۔ پاول نے 48 رنز بنائے۔خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ایک اننگز میں 43 رنز ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ایشیائی ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔اس سے قبل ہندوستانی ٹیم 1974میں انگلینڈ کے خلاف لارڈ زٹسٹ میں 42 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں کم ترین اسکور کا منفی ریکارڈ نیوزی لینڈ کے پاس ہے جو 1955 میں انگلینڈ کے خلاف بنا جب آکلینڈ ٹسٹ کی ایک اننگز میں کیوی ٹیم صرف 26 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔