آخری چار یوم کھیل ممکن نہ ہوا، سیریز 0-0 سے ڈرا ہونے پر آملہ کو مایوسی
ڈھاکہ ، 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا و آخری ٹسٹ آج یہاں ڈرا ہوگیا جبکہ موسلا دھار بارش کے سبب آخری چار دنوں میں کوئی کھیل ممکن نہ ہوا۔ شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں آخری دن کا کھیل دوشنبہ کی صبح گیلے میدان کے سبب منسوخ کردیا گیا حالانکہ بنگلہ دیشی دارالحکومت میں سورج چمک رہا تھا۔ کھیل صرف پہلے دن ممکن ہوا جب بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 246/8 اسکور کئے تھے۔ اس میچ میں واحد یادگار موقع فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کا شان پولاک کے بعد 400 ٹسٹ وکٹس لینے والے دوسرے جنوبی افریقی بننا رہا۔ انھیں ’مین آف دی سیریز‘ ایوارڈ دیا گیا۔ چونکہ چٹگانگ میں پہلا ٹسٹ بھی آخری دو یوم بارش کی نذر ہوجانے کے بعد ڈرا ہوگیا تھا، اس لئے دو میچ کی سیریز 0-0 سے ڈرا قرار پائی۔ جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملہ نے کہا کہ انھیں اس ’’عجیب‘‘ سیریز کا حصہ بن کر مایوسی ہوئی۔ انھوں نے کہا، ’’اگر یہ ٹسٹ جنوبی افریقہ میں ہوتا تو یہ کل ہی ختم ہوجاتا۔ میدان بالکلیہ ناقابل کھیل ہوگیا۔ اس میں نمی آگئی اور جوکھم کا عنصر بھی پیدا ہوچلا تھا۔ یہ نہایت عجیب ٹسٹ سیریز رہی جس کا میں حصہ رہا ہوں۔ میں نہیں سمجھتا کہ میں کوئی سیریز کھیلی جہاں 10 یوم میں سے چھ دن بارش کی نذر ہوگئے۔‘‘ بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم جنھیں ٹسٹ میں کھیلی گئی واحد اننگز میں 65 اسکور کرنے پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا، انھوں نے دنیا کی ٹاپ رینک والی ٹیم سے سیکھنے کا موقع ضائع ہوجانے پر افسوس ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا، ’’جیت یا ہار کی اہمیت نہیں۔ سب سے بڑی بات یہ تھی کہ دنیا کی نمبر ایک ٹیم سے سیکھنے کیلئے بہت کچھ میسر ہورہا تھا۔‘‘ بنگلہ دیش نے قبل ازیں ونڈے سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔