بنگلہ دیش کے مقابل شکست پر پاکستان ایشیا کپ سے خارج

اتوار کو ہند ۔ بنگلہ دیش فائنل

میرپور ، 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں گزشتہ شب کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مایوس کن انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور خرم منظور ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شرجیل خان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حفیظ بدقسمت رہے جب انھیں امپائر نے وکٹ کے اوپر سے جاتی ہوئی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا۔ ابتدائی تین بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کیلئے گزشتہ میچ میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے عمر اکمل اور سرفراز احمد نے بمشکل اسکور کو 28 رنز تک پہنچایا تھا کہ اکمل 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔ سرفراز اور شعیب ملک نے پانچویں وکٹ کیلئے 70 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کا اسکور 98 رنز تک پہنچایا۔ شعیب 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان آفریدی نے اپنے مداحوں کو ایک دفعہ پھر مایوس کیا اور صفر پر پویلین واپس چلے گئے۔ سرفراز نے جو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور بنگلہ دیشی بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ انور علی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔ سرفراز 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے الامین حسین نے 3 اور عرفات سنی نے دو وکٹیں حاصل کئے۔ ٹارگٹ کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو پہلا نقصان 13 رنز پر اٹھانا پڑا جب تمیم اقبال 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم سومیا سرکار نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور شبیر رحمن کے ساتھ اسکور کو 46 رنز تک لے کر گئے مگر شبیر 14 رنز بنا کر  آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سومیا 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا اسکور 83 رنز تھا۔ محمد عامر نے یارکر گیند کے ذریعے ان کی وکٹیں اڑا دیں جبکہ مشفق الرحیم 12 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے۔ 15 اوورز کے اختتام پر بنگلہ دیش کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز تھا۔ شکیب الحسن 8 رنز بنا سکے۔ عامر نے جب ان کی وکٹیں بکھیر دیں تو انھوں نے غصے میں اپنا بیاٹ وکٹوں پر دے مارا۔ تاہم امپائر سے معذرت بھی کرلی۔ کپتان مشرف مرتضیٰ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت دلادی۔ وہ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محموداللہ نے 22 رنز بناکر بنگلہ دیش کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بنگلہ دیش نے آخری اوور کی پہلی گیند میں 131 رنز بنا کر ہدف کو 5 وکٹوں کے نقصان پر عبور کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے عامر نے دو وکٹیں حاصل کئے۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔ متحدہ عرب امارات کے خلاف کریئر کا آغاز کرنے والے نوجوان آل راؤنڈر محمد نواز کی جگہ انور علی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ بنگلہ دیش ٹیم میں اوپننگ بلے باز تمیم اقبال اور عرفات سنی کی واپسی ہوئی جبکہ نورالحسن اور زخمی فاسٹ بولرمستیض الرحمٰن کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ دونوں ٹیموں کو فائنل تک رسائی کیلئے اس میچ میں کامیابی ضروری تھی اور میزبان ٹیم نے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور پہلی دفعہ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز پایا، جہاں وہ پہلے سے منتظر ہندوستان سے اتوار کو خطابی مقابلہ کھیلے گا۔ بنگلہ دیش نے گزشتہ میچ میں سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ پاکستان کو ہندوستان سے 5 وکٹوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم متحدہ عرب امارات کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا۔