بنگلہ دیش کے ساتھ علاقائی تبادلہ کے ذریعہ سرحد کی یکسوئی راجیہ سبھا میں تاریخی بل منظور ، آج لوک سبھا میں پیشکشی

نئی دہلی ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں آج ایک تاریخی بل کو متفقہ طور پر منظور ی دی گئی جس کے ذریعہ بنگلہ دیش کے ساتھ سرحدی اراضی معاہدے کو قابل عمل بنایا جائے گا اور علاقائی تبادلے کے ذریعہ 41 سال سے جاری سرحدی مسئلہ کی یکسوئی کی جائے گی ۔ دستوری 119ویں ترمیمی بل کو تمام 181 ارکان کی مکمل تائید کے ساتھ منظور کیا گیا ۔ یہ بل کل لوک سبھا میں پیش کیا جانے والا ہے ۔ اس ترمیمی بل کے تحت 1974 ء ہند ۔ بنگلہ دیش اراضی سرحدی معاہدے کو قابل عمل بنانے کی اجازت رہے گی ۔ وزیر امور خارجہ سشما سواراج نے اس بل کو منظوری کیلئے پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے ۔ ہم 41 سال بعد اس بل پر عمل کرنے جارہے ہیں ۔ یو پی اے دور حکومت میں بی جے پی کی جانب سے اس بل کی مخالفت کا ذکر کرتے ہوئے سشما سواراج نے کہا کہ پہلے ہم نے اس کی مخالفت کی تھی ۔ ہم نے کہا تھا کہ آسام کو بھی شامل کیا جانا چاہئیے اور اب ایسا کیا جاچکا ہے ۔