بنگلہ دیش کے خلاف آسٹریلیا 7وکٹوں سے فاتح

میر پور ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ٹیم نے اپنے گروپ کے آخری مقابلہ میں میزبان بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کی مہم کا اختتام کامیابی پر کیا جبکہ میزبان ٹیم کو گروپ مرحلہ کے تمام مقابلوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے۔ آسٹریلیائی اوپنر آرون فنچ نے 71 رنز اور ڈیوڈ وارنر نے 48 رنز بناتے ہوئے پہلی وکٹ کیلئے 98 رنز جوڑے اور ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی جس کی بدولت آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز کا کامیاب تعاقب کرلیا۔ فنچ نے 45 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کرنے کے علاوہ اپنی اننگز کے دوران 7 چوکے اور 4 چھکے لگائے

جبکہ وارنر نے 35 گیندوں کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے مارتے ہوئے 11.2 اوورس میں ہی 98 رنز کی پارٹنر شپ میں اہم رول ادا کیا۔ حسین نے فنچ اور وارنر کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد احمد نے شاندار بولنگ کے ذریعہ گلین میکس ویل کو آوٹ کیا۔ اس طرح انہوں نے 4 اوورس میں 24 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ جارج بیلی نے ایک چوکے اور ایک چھکے کے ساتھ مقابلہ ختم کرنے کے علاوہ 11 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی اور آسٹریلیا نے 17.3 اوورس میں 158/3 کے ذریعہ کامیابی حاصل کرلی۔ قبل ازیں شکیب الحسن نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 گیندوں میں 66 اور کپتان مشفق الرحیم نے 36 گیندوں میں 47 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیا کیلئے کولٹر نائل نے 17 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔