ڈھاکہ۔30 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) شکیب الحسن 85 رنزکے عوض پانچ وکٹ کی ٹسٹ میں دوسری بہترین کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے اپنی سرزمین پر پہلے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی تاریخی کامیابی حاصل کی۔حالانکہ آسٹریلیائی ٹیم نے دلچسپ مقابلے میں تیسرے دن میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی لیکن چوتھے دن میزبان ٹیم کی بولنگ نے مقابلے کے نتیجے کو ہی بدل کر رکھ دیا اور265 رنز کے نشانہ کا تعاقب کررہی مہمان ٹیم کو70.5 اووروں میں244 رن پر ڈھیر کرکے چار دنوں کے اندر ہی20 رن سے میچ جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی آسٹریلیا پر یہ پہلی ٹسٹ کامیابی بھی ہے ۔دنیا کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب نے مین آف دی میچ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر میں دوسری مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کی اور28 اووروں میں85 رنز پر پانچ وکٹ لیکر آسٹریلیائی بیٹسمینوں کو آسان ہدف تک بھی پہنچنے نہیں دیا۔ اگرچہ شیر بنگال اسٹیڈیم میں آسٹریلیائی ٹیم کے کل کے ناٹ آؤٹ اوپنر ڈیوڈ وارنر(112) اورکپتان اسٹیون اسمتھ(37) نے130 رنوں کی اہم سنچری والی شراکت قائم کی لیکن ان کی یہ کوشش ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکی اور بنگلہ دیش نے سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔آسٹریلیا نے صبح میچ میں کل کے 109 رن پر دو وکٹ سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا اور میچ میں اس کی حالت پوری طرح قابو میں تھی۔ وارنر75 اور اسمتھ 25 رن بناکر کریز پر تھے اور ٹیم آٹھ وکٹ باقی رہتے ہوئے جیت سے صرف156 رنز ہی دور تھی لیکن میچ کا چوتھا دن پوری طرح بنگلہ دیشی بولروں کے نام رہا۔