چٹگانگ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹسٹ میں کامیابی اور سیریز کو برابر کرنے کیلئے دوسرے ٹسٹ کے آخری دن ہنوز 455 رنز درکار ہیں جیسا کہ 467 رنز کے تعاقب میں میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 12 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ قبل ازیں سری لنکا نے کمارا سنگاکارا (105) اور چنڈی مل (100) کی سنچریوں کی بدولت دوسری اننگز 305/4 رنز پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ سنگاکارا جنہوں نے پہلی اننگز میں 319 رنز اسکور کئے تھے، دوسری اننگز میں بھی ریکارڈ سنچری اسکور کی ہے۔ بنگلہ دیش کیلئے محمود اللہ نے 46 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ سوہاگ غازی اور شکیب الحسن نے فی کس ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ واضح رہے سری لنکا نے پہلی اننگز میں 587 رنز اسکور کئے جس کے جواب میں بنگلہ دیش نے 426 رنز بنائے۔