بنگلہ دیش کو شکست،سری لنکا فائنل میں داخل

ڈھاکا۔25 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے سہ رخی ونڈے سیریز کے آخری میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی اور فائنل میں بھی رسائی حاصل کرلی ہے۔سہ رخی سیریز کے آخری میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے قائد مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔سری لنکائی بولروں کی نپی تلی بولنگ کے سامنے میزبان ٹیم بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 24 اوورز میں 82 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مشفیق الرحیم 26 اور صابر رحمان 10 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا بھی ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے۔سری لنکا کی جانب سے سورنگا لکمل نے 3 جبکہ چمیرا، پریرا اور سنداکن نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف باآسانی 12ویں اوور کی پانچویں گیند پر بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا، اپل تھارنگا 39 اور گناتھیلاکا 35 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔سورنگا لکمل کو عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔