بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 248 رنز کی شکست

ڈھاکہ ۔30جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آف اسپنر دلروون پریرا نے پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے یہاں منعقدہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹسٹ میں سری لنکائی ٹیم کی ایک اننگز اور 248 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ۔ میزبان بنگلہ دیشی ٹیم جو کہ پہلی اننگز میں 498 رنز کے خسارے میں تھی اور وہ دوسری اننگز میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ 31سالہ پریرا جو کہ اپنے کریئر کا صرف دوسرا ٹسٹ ہی کھیل رہے تھے انہوں نے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں 19.5 اوورس میں 109 رنز دے کر پانچ کھلاریوں کو آؤٹ کیا جبکہ فاسٹ بولر سرینگا لکمل نے تین وکٹیں حاصل کی ۔ بنگلہ دیش نے آج اپنی دوسری اننگز کا آغاز کل کے اسکور 35/1 سے کیا اور اسکے مابقی 9وکٹیں 215رنز کے اضافے پر ہی پویلین لوٹ گئے ۔

بنگلہ دیش کے لئے اعظم ترین انفرادی اسکور مومن الحق نے بنایا جیسا کہ نمبر تین پر کھیلتے ہوئے انہوں نے 57 گیندوں میں 50رنز اسکور کئے ۔ دیگر بیٹسمینوں میں ناصر حسین (29) ‘ سوہگ غازی 23اور شکیب الحسن 25کے علاوہ 11ویں نمبر پر الامین حسین نے 18گیندوں میں ایک چوکے اور 4چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 32رنز اسکور کئے ۔ بنگلہ دیش جس نے پہلی اننگز میں صرف 232 رنز اسکور کئے تھے ‘ اس نے سری لنکا کو 730/6 رنز بنانے کا موقع فراہم کیا جو کہ میزبان ٹیم کے خلاف کسی بھی ٹیم کا ٹسٹ میں اعظم ترین اسکور ہے ۔ اس کامیابی کے ذریعہ سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ٹسٹ ریکارڈ کو مزید شاندار کرلیا ہے جیسا کہ گذشتہ 15 مقابلوں میں یہ 14ویں کامیابی ہے اور ان فتوحات میں 8کامیابیاں ایک اننگز کی ہیں ۔ شاندار ڈبل سنچری اسکور کرنے والے مہیلا جئے وردھنے کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے ۔