بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی وفد کا آئندہ ہفتے دورۂ پاکستان

لاہور ، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا (بی سی بی) دو رکنی سکیورٹی وفد آئندہ ہفتے پاکستان کے دورے کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لے گا۔ سکیورٹی وفد کی رپورٹ کے بعد بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کو دورے کی دعوت پی سی بی کے چیرمین شہریار خان نے دی ہے۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش کی مینس ٹیم دو مرتبہ پاکستان کا دورہ ملتوی کر چکی ہے۔
باؤنڈری لائن میں موجود 125سال پرانا درخت یادگار میں تبدیل
ڈیون ، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی ولیج کرکٹ ٹیم شوبروک نے اپنے گراؤنڈ کی باؤنڈری لائن کے اندر موجود 125 سالہ قدیم پائن کے درخت کو یادگار میں تبدیل کر دیا جب اسے سولہ فٹ طویل کرکٹ بیاٹ کی شکل دے دی گئی۔ 1890ء میں اس کا پودا گراؤنڈ کے مشرقی کنارے پر لگایا گیا تھا لیکن دو سال قبل شدید طوفان کے نتیجے میں اس کا اوپری حصہ متاثر ہونے کے بعد تیس فٹ طویل تنا باقی رہ گیا جسے ضائع کرنے کے بجائے کلب کے کچھ کرکٹرز کی تجویز پرسولہ فٹ کے بیاٹ کی شکل دے دی گئی جسے وہاں آنے والے شائقین بھی حیرت سے دیکھتے رہ جاتے ہیں۔