ڈھاکہ ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے آج پاکستانی سفارتکار کو طلب کرتے ہوئے بنگلہ دیش میں اعلیٰ سطحی اپوزیشن قائدین کو پھانسی دیئے جانے پر اسلام آباد سے جاری متنازعہ ریمارکس پر ان سے وضاحت طلب کی۔ یاد رہے کہ 1971ء میں بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کے دوران دونوں قائدین کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ دریں اثناء عبوری معتمد خارجہ میزان الرحمن نے بتایا کہ پاکستان ہائی کمشنر شجاع عالم کو طلب کرتے ہوئے سخت الفاظ میں احتجاج کیا گیا۔ جماعت اسلامی سکریٹری جنرل 67 سالہ علی احسان محمد مجاہد اور اپوزیشن بی این پی قائد 66 سالہ صلاح الدین قادر چودھری کی پھانسی کے بعد پاکستان نے شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔