لاہور۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ بورڈ کی لاہورمیں دوٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی تجویز مسترد کردی۔ پی سی بی کے سربراہ شہریارخان نے اپنے ایک بیان میں اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے بی سی بی حکام کو رواں سال کے وسط میں پاکستان آکر دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی پیشکش کی ہے لیکن بنگلہ دیش نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اس بات کی وضاحت کر دی کہ انہوں نے پاکستان آکر کھیلنے کا سوچا بھی نہیں ہے تاہم رواں سال جولائی میں پاکستان کی میزبانی کرنے کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی حکام اس پیشکش کو بہت زیادہ اہمیت دے رہے تھے۔