بنگلہ دیش پر پاکستان کو بھاری سبقت

میرپور (ڈھاکہ ) ۔ 8 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے دوسرے ٹسٹ میں بنگلہ دیش کو ٹسٹ میچ جیتنے کیلئے 550 رنز کا نشانہ دیا ہے جہاں بنگلہ دیش نے 63/1 بنا لئے ۔ بنگلہ دیش نے تیسرے دن بیٹنگ شروع کی تو شکیب الحسن کے سوا کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولرز کا سامنا نہ کرسکا ۔بنگلہ دیشی ٹیم دن کی ابتدا میں ہی دو وکٹوں سے محروم ہو گئی لیکن پھر شکیب (89*)نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کا اسکور 200 رنز سے آگے پہنچایا۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 203 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 354 رنز کی بھاری برتری حاصل کی اور بنگلہ دیش کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کو ترجیح دی۔پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے تین تین جبکہ جنید خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور محمد حفیظ پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔سمیع اسلم آٹھ رنز بنا کر محمد شاہد کا شکاربنے۔پاکستان کو تیسرا نقصان 49 کے مجموعے پر اس وقت ہوا جب پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے اظہر علی 25 رنز بنانے کے بعد سومیا سرکار کو وکٹ دے بیٹھے۔اس کے بعد یونس خان اور مصباح الحق نے تیسری وکٹ کیلئے 58 رنز جوڑے

لیکن یونس 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔نئے آنے والے بیٹسمین اسد شفیق کی اننگ بھی 15 رنز تک محدود رہی۔اس موقع پر کپتان مصباح اور سرفراز نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں اضافہ کی کوشش کی لیکن مصباح ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔انہوں نے 82 رنز بنائے ، کپتان نے آؤٹ ہوتے ہی 195 رنز پر اننگزڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔سرفراز 18 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹسٹ میچ میں فتح کیلئے 550 رنز کا نشانہ دیا ۔بنگلہ دیش نے بلے بازی شروع کی تو اوپنرز نے ٹیم کو 49 رنز کا بہتر آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر امرالقیس ، اسپنر یاسر شاہ کی گیند پر بول ہوگئے ۔ جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر 63 رنز بنائے تھے جبکہ اسے میچ میں فتح کیلئے مزید 487 رنز درکار ہیں۔