ڈھاکہ ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف واحد کرکٹ ٹسٹ چہارشنبہ کو شروع ہونے سے قبل بمشکل ایک یوم رہ گیا ہے، لیکن بنگلہ ٹیم منیجر خالد محمود نے فیملی سے متعلق وجوہات کے حوالے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بڑے بنگلہ دیشی روزنامہ ’پروتھوم آلو‘ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ محمود نے اپنا مکتوب استعفیٰ ای میل کے ذریعے کل بی سی بی چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چودھری کو بھیج دیا ہے۔ بی سی بی کرکٹ آپریشنس کمیٹی کے سربراہ نعیم الرحمن نے اس معاملے پر تبصرے سے انکار کردیا۔ انھوں نے بس اتنا کہا کہ اس مسئلہ پر محمود کے ساتھ بات کی جائے گی۔ سابق بنگلہ دیش کرکٹر محمود میڈیم پیسر اور مڈل آرڈر بیٹسمن تھے۔ انھوں نے بنگلہ دیش کی 1998ء تا 2006ء نمائندگی کی اور 2003ء تا 2004ء ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔