میرپور، 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلے ونڈے انٹرنیشنل میں جو آج یہاں کھیلا گیا، 79 رنز سے بری طرح ہرا دیا، جو اپنے کٹر حریفوں کے مقابل تمام تینوں فارمٹس کے 48 میچوں میں اُن کی محض دوسری جیت ہے۔ تمیم اقبال اور مشفق الرحیم نے متاثرکن سنچریوں کے ذریعے شاذونادر درج ہونے والی جیت کی بنیاد رکھی جبکہ میزبانوں نے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرنے کے بعد 329/6 کا ہمالیائی اسکور کھڑا کردیا۔ فاسٹ بولر تسکین احمد اور اسپنر عرفات سنی نے فی کس تین وکٹیں لئے جس کی مدد سے پاکستان کو 45.2 اوورس میں 250 پر آل آؤٹ کردیا گیا، جس نے تین میچ کی سیریز میں بنگلہ دیش کو سبقت دلائی۔ کپتان و اوپنر اظہر علی نے 72 کا ٹاپ اسکور کیا جبکہ چوتھے و پانچویں نمبر پر حارث سہیل (51) اور محمد رضوان (67) نے ہاف سنچریاں بنائیں۔ مزید کوئی بیٹسمن کوئی خاص رول ادا نہ کرسکا۔ دیگر واحد مرتبہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو 1999ء ورلڈ کپ منعقدہ انگلینڈ کے گروپ میچ میں ہرایا تھا، مگر آج کے ڈے ؍ نائٹ میچ میں پُرجوش ’ٹائیگرز‘ شروع سے آخر تک چھائے رہے۔ اوپنر تمیم اقبال اور چوتھے نمبر کے مشفق الرحیم نے ہوم گرائونڈ کا خوب فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی بولرز کی بڑی درگت بنائی۔
تمیم اور مشفق نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سنچریاں بنائیں۔ تمیم نے 135 گیندوں پر 15 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 132 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ مشفق نے تو 77 گیندوں میں 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے۔ بنگلہ دیشی بلے بازوں نے کسی بھی پاکستانی بولر کو حاوی نہیں ہونے دیا ۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کو جیت کیلئے 330 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4/59 جبکہ راحت علی نے 1/56 کے اعداد وشمار درج کرائے۔ بولنگ پر پابندی ختم ہونے کے بعد اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے سعید اجمل نے 74 رنز دیئے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضیٰ کی ایک میچ کیلئے معطلی کے سبب شکیب الحسن نے اس میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت کی۔دونوں ممالک کے درمیان 2011 ء کے بعد یہ ایک روزہ میچوں کی پہلی باہمی سیریز ہے۔ مشفق الرحیم کو ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔