بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز میں ونڈے سیریز جیت لی

سینٹ کٹس۔29 جولائی(سیاست ڈاٹ کام)بنگلہ دیش نے میزبان ویسٹ انڈیز کو ونڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن مقابلے میں 18 رنز سے شکست دیکر تین مقابلوں کی سیریز1-0 سے اپنے نام کرلی۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقابلے اور سیریز میں کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانے 302 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز اسکور کرپائی حالانکہ ابتدائی 10 اوورس میں ویسٹ انڈیز کے اوپنرس کریس گیل اور لیوس نے پہلی وکٹ کیلئے 53 رنز بناکر ٹیم کو ٹھوس شروعات فراہم کی ۔ویسٹ انڈیز کیلئے جارحانہ اوپنر گیل نے 66 گیندوں میں 5 چھکوں پر مشتمل اننگز میں 73 رنز بنائے۔مڈل آرڈر میں ہوپ نے 64 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم کی امید برقرار رکھی جبکہ لوور آرڈر میں رومن پاول نے 41 گیندوں میں 5 چوکوں اور 4 چھکوں پر مشتمل اننگز میں ناقابل تسخیر74 رنز اسکور کئے لیکن وہ اپنی ٹیم کو ونڈے سیریز میں شکست سے محفوظ نہیں رکھ سکے۔بنگلہ دیشی بولروں میں نشانہ کے دفاع میں کوئی بھی بولر غیر معمولی مظاہرہ نہیں کیا لیکن وقفہ وقفہ سے تقریباً ہربولر نے وکٹ حاصل کی جس کی وجہ سے بنگلہ دیش کیلئے نشانہ کا دفاع کرنا آسان ہوا لیکن کپتان مرتضی نے 63 رنز کے عوض دووکٹیں حاصل کی۔دیگر بولروں میں مستفیض الرحمن،مہدی حسن مرزا اورروبیل حسین نے فی کس ایک وکٹ اپنی نام کی۔ قبل ازیں مہمان اوپنرتمیم اقبال کی ایک اور سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ونڈے میں کامیابی کیلئے 302 رنز کا نشانہ دے دیا تھا۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹ پر 301 رنز کا ہندسہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ تمیم اقبال نے ایک اور عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 103 رنز اسکور کیے، انہوں نے 124 گیندوں کا سامنا کیا اس دوران دو چھکے اور سات چوکے لگاتے ہوئے اپنے کرئیر کی 11 ویں سنچری اسکور کی۔فیصلہ کن ونڈے اور سیریز میں بہترین مظاہرہ کرنے پر تمیم کو مین آف دی میچ اور سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔آل راؤنڈر محمود اللہ نے تیز رفتارناٹ آئوٹ 67 رنز تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے اسکورکئے۔کپتان مشرف مرتضیٰ نے 25 گیندوں پر 36 رنز اور آل رائونڈر شکیب الحسن نے 44 گیندوں پر 37 رنز کی کارآمد اننگز کھیلیں۔ مصدق حسین پانچ گیندوں پر 11 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 55 اور ایشلے نرس نے 53 رنز کے عوض دو دو وکٹ لیے۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے ٹسٹ سیریز 2-0 سے جیتی ہے۔