ڈھاکہ ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شکیب الحسن ٹسٹ تاریخ کے ایسے تیسرے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جنہوں نے سنچری اسکور کرنے کے علاوہ 10 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں اور ان کے شاندار مظاہرے کی بدولت بنگلہ دیش نے زمبابوے کو یہاں دوسرے ٹسٹ میں 162 رنز کی شکست دے کر 3 مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے۔ شکیب الحسن نے دوسری اننگز میں 44 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ زمبابوے 151 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ اس ناکامی کے بعد زمبابوے کی ٹیم ٹسٹ درجہ بندی میں آخری مقام پر پہنچ چکی ہے۔ شکیب الحسن نے پہلی اننگز میں 59 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جس کی وجہ سے میزبان ٹیم نے زمبابوے کو 368 رنز پر آل آوٹ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 65 رنز کی سبقت حاصل کرلی تھی۔ شکیب نے پہلی اننگز میں 137 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی ہے
اس طرح وہ ایک ٹسٹ میں سنچری اور 10 وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں این بوتھم اور عمران خان کی صف میں جگہ بنا لی ہے جنہوں نے 1980 میں یہ کارنامہ اتفاقی طور پر ہندوستان کے خلاف بھی انجام دیا تھا۔ شکیب الحسن نے اپنے شاندار مظاہرہ کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام تر توجہ سنچری اسکور کرنے کے بعد 10 وکٹوں کے حصول پر مرکوز تھی اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے ہیں۔ زمبابوے کیلئے نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے ہیملٹن مساکٹزا جنہوں نے پہلی اننگز میں اپنے کیریئر کی شاندار اننگز 158 کھیلی تھی وہ دوسری اننگز میں بھی 61 رنز بنائے جو تنہا مزاحمتی مظاہرہ رہا۔ 314ر نز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مقابلہ کو ڈرا کرنے کے مقصد میں بھی کامیاب نہ ہوسکے۔