44 مسافروں کو بچالیا گیا ، باقی غرق ہونے کا اندیشہ ، کئی مسافر تیر کر ساحل پر پہنچ گئے
ڈھاکہ۔4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے وسطی علاقے میں پیر کی صبح تقریباً 200 مسافروں کو لے جانے والی ایک کشتی ڈوب گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ضلع منشی گنج میں ایم وی پناک نامی کشتی دریائے پدما عبور کر رہی تھی کہ اچانک غرقاب ہو گئی۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ضلع کے ڈپٹی کمشنر محمد سیف الحسن نے بتایا کہ 44 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے اور تاحال کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مقامی پولیس کے مطابق متعدد مسافر تیر کر کنارے اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے جب کہ خدشہ ہے کہ بہت سے کشتی میں پھنسے ہیں یا پھر ڈوب گئے ہیں۔ جائے حادثہ پر امدادی ٹیموں کے علاوہ فوج کے اہلکاروں کو بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے روانہ کر دیا گیا تھا۔ تاحال اس واقعے کے اسباب کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ دوسری جانب خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بنگلہ دیش کے ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین شمش الضحیٰ کھونڈاکر نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی صبح اس وقت رونما ہوا جب ایم وی پناک نامی کشتی پدما ندی عبور کر رہی تھی۔ مقامی پولیس افسر تفضل حسین کے مطابق کچھ لوگ تیر کر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے، باقی یا تو وہیں پھنسے ہیں یا پھر ان کے ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں کشتی ذرائع نقل و حمل کا ایک عام ذریعہ ہے اور یہاں اکثر ایسے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ رواں سال مئی میں اسی ضلع میں ہونے والے کشتی کے ایک حادثے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔