بنگلہ دیش سے فتح روٹھ گئی، لگاتار چوتھی شکست

نیپیئر ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن اور لوکی فرگیوسن کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں باآسانی چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ نیپیئر میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش نے بڑا مجموعہ سجانے کی آس میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لیکن کوئی بھی بلے باز کیوی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے کھل کر رنز نہ بنا سکا اور تمام کھلاڑی وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ 2016 کا مایوس کن اختتام کرنے والے محموداللہ واحد بنگلہ دیشی بلے باز تھے جنہوں نے کیوی باؤلرز کا اعتماد سے سامنا کیا اور خصوصاً میٹ ہنری کو جم کر کھیلا۔ بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 141 رنز بنائے، محموداللہ نے 52 رنز بنائے جبکہ مصدق حسین 20 اور صابر رحمان 16 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگیوسن نے تین اور بین ویلر نے دو وکٹیں لیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی اننگز کا احوال بھی کچھ مختلف نہ تھا، نیل بروم چھ اور کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ لیکن دوسرے اینڈ پر موجود کین ولیمسن نے وکٹیں گرنے کا دباؤ لیے بغیر ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ اسکور 46 تک پہنچا تو کوری اینڈرسن کی 13 رنز کی اننگز بھی اختتام پذیر ہوئی جبکہ ٹام بروس بھی سات رنز سے زیادہ نہ بنا سکے۔ گیارہویں اوور میں 62 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم میچ میں واپس آ چکی تھی لیکن کین ولیمسن نے ایک بار میچ جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔ انہوں نے کولن گرینڈ ہوم کے ساتھ صرف 48 گیندوں پر 81 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو چھ وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کو دورے پر لگاتار چوتھی شکست دی۔ گرینڈہوم نے تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 41 رنز بنائے اور مین آف دی میچ کین ولیمسن نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سیریز کا اگلا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔