بنگلہ دیش سے تیسرے مقام پر سیریز ممکن :پاکستان

کراچی ۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش نے ہائی پرفارمنس ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو ممکنہ طور پر رواں سال جولائی میں پاکستان کا دورہ کر کے میچز کھیلے گی۔شہریار خان سری لنکن کرکٹ کے سربراہ تھیلانگا سماتھی پالا اور بنگلہ دیش کرکٹ کے سربراہ نظم الحسن سے غیررسمی ملاقات کیلئے کولمبو گئے تھے جس میں ایشین کرکٹ کے معاملات پر غور کیا گیا۔شہریار نے کہا کہ ہائی پرفارمنس ٹیم کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا ابھی تعین نہیں کیا گیا لیکن امید ہے کہ وہ جلد دورہ کرے گی۔ پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ہائی پرفارمنس ٹیم پاکستان بھیجنا ایک بڑی کامیاب ہے اور وہ ہماری ہائی پرفارمنس ٹیم سے یہاں میچز کھیلے گی۔تاہم انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے اپنی نیشنل ٹیم بھیجنے پر ابھی رضامندی ظاہر نہیں کی لہٰذا اب دونوں ملکوں کے درمیان سیریز بنگلہ دیش یا کسی تیسرے ملک میں کھیلی جائے گی جس پر فریقین نے رضامندی ظاہر کی ہے اور ایسا سری لنکا میں ممکنہ طور پر ہو سکتا ہے۔شہریار نے کہا کہ ابھی دبئی ہمارا نیوٹرل مقام ہے لیکن وہ بہت مہنگا ہے تو شاید ہم سری لنکا میں کھیل لیں۔