بنگلہ دیش ایشیا کپ کی خطابی دوڑ سے باہر نہیں:کپتان

ڈھاکہ۔8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ کرکٹ شروع میں صرف ایک ہفتے ہے اور بنگلہ دیش کیلئے ٹیم کا انتخاب کے مسائل سنگین تر ہوتے جارہے ہیں۔ اسٹار آل رائونڈر شکیب الحسن کی شرکت پہلے ہی معمہ بنی ہوئی ہے اب ٹیم کے اہم ترین بیٹسمین تمیم اقبال بھی انگلی کے زخمی کا شکار ہوگئے ہیں لیکن کپتان مشرفی مرتضیٰ نے حیران کن دعویٰ کردیا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان اور ہندوستان کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔بنگلہ دیش کو اپنے پہلے میچ میں 15 ستمبر کو سری لنکا کا سامنا کرنا ہے۔ اوپنر تمیم ٹیم کے ساتھ فیلڈنگ سیشن کے دوران زخمی ہوئے۔ سلیکشن کمیٹی نے ان کے متبادل کے طور پر مومن الحق کو منتخب کیا ہے۔ دریں مشرفی مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ٹیم کے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو پاکستان و ہندوستان کو زیر کرنے کیلئے کافی ثابت ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان خطاب کیلئے پسندیدہ ہے، جبکہ پاکستان اپنے گھریلومیدانوں جیسے حالات سے فائدہ اٹھا کر چیمپئن بن سکتا ہے، لیکن ہم بھی دور نہیں ہوں گے۔