ڈھاکہ ۔6جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ڈھاکہ میں ریسٹورنٹ پر حملے میں 20 غیر ملکیوں کے ہلاکت کے باوجود بنگلہ دیش نے امید ظاہر کی ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ وہ تین ونڈے اور دو ٹسٹ میچوں پر مشتمل دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر عمل کرے گی۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے اس دہشت گرد واقعہ کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اس ملک میں ایسا کچھ رونما ہو گا۔ ہم نے انگلینڈ کا ردعمل دیکھا ہے جو بالکل فطری ہے، اگر ہم ان کی جگہ ہوتے تو ہم بھی ایسا ہی کرتے۔ تاہم انہوں نے انگلش ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پیرس حملوں کے بعد بھی کھیل نہیں رکا تھا کھیل کو چلتے رہنا چاہئے۔ انگلینڈ تین ماہ بعد بنگلہ دیش آ رہا ہے اور اس وقت تک بنگلہ دیش کی صورتھال بہتر ہو جائے گی۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں سیکیورٹی صورتحال خراب ہونے کے سبب آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نے بھی حکومتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے اپنا دورہ معطل کردیا تھا۔