بنگلہ دیش۔ سری لنکا آج دوسرے ٹسٹ کا آغاز

چٹگانگ۔ 3؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں شرمناک شکست کے بعد میزبان بنگلہ دیش کل یہاں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں مجموعی طور پر ہر شعبے میں بہتر مظاہرہ کی کوشاں ہے تاکہ کامیابی کے ذریعہ سیریز کو برابر کیا جاسکے۔ پہلے ٹسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو ایک اننگز اور 248 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی، جیسا کہ ڈھاکہ میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بنگلہ دیش نے 232 اور دوسری اننگز میں 250 رنز اسکور کئے تھے۔ اس کے برعکس سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 730/6 کا ہمالیائی اسکور بنانے کے علاوہ اندرون چوتھے دن ہی مقابلہ میں کامیابی حاصل کرلی تھی۔ نیز مہیلا جئے وردھنے نے ناقابل تسخیر ڈبل سنچری اور دیگر دو بیٹسمینوں نے دو سنچریاں اسکور کیں جب کہ بنگلہ دیش نے ٹسٹ کرکٹ میں حریف ٹیم کو اپنے خلاف اعظم ترین مجموعی اسکور بنانے کا موقع فراہم کیا تھا۔ دریں اثناء بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساتھی کھلاڑیوں نے شکست کو پس پشت ڈال دیا ہے

اور وہ کل یہاں ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم کی بہتر وکٹ پر شاندار مظاہرے کے لئے پُرعزم ہیں۔ شکیب الحسن کے بموجب ڈھاکہ میں شکست پر تمام کھلاڑیوں کو افسوس ہے اور ہم مایوسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے ٹسٹ میچ میں بہتر مظاہرہ کے لئے تیار ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ہم اس طرح کے حالات کے باوجود بہتر مظاہرہ کرچکے ہیں، لیکن اس مرتبہ مجموعی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہے، خصوصاً فیلڈنگ کے معیار کو بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ آل راؤنڈر شکیب نے مزید کہا کہ ہم کو جو مواقع ملے تھے، اگر ہم ان کا فائدہ اُٹھاتے تو سری لنکائی ٹیم 500 سے زائد کا اسکور بھی نہیں بناسکتی تھی جب کہ 500 تا 700 رنز کے درمیان بڑا فرق ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں سری لنکا کے سینئر بیٹسمین کمارا سنگاکارا نے دوسرے ٹسٹ میں ٹیم کے ایک اور بہتر مظاہرے کی اُمید کی ہے، تاہم انھوں نے کامیابی کی ضمانت نہیں دی۔