بنگلہ دیشی ٹیم کا دورۂ پاکستان کے اعلان

ڈھاکہ ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی جانب سے سکیورٹی کی یقین دہانی کروائے جانے کے بعد بنگلہ دیش نے ایمرجنگ ایشیا کپ 2018 کے لئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کی جانب سے فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد بنگلہ دیش نے ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا۔ ایمرجنگ ایشیا کپ کی میزبانی رواں سال پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے اور مقابلے کولمبو اورکراچی میں کھیلے جائیں گے۔ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکائی ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے اور اس کے بعد سے کسی بین الاقوامی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنے گھریلو مقابلے متحدہ عرب امارات سمیت دیگر مقامات پر کھیلنے پڑرہے ہیں۔ بنگلہ دیش نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت ٹسٹ کرکٹر نور الحسن کریں گے اور 2015 کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی بین الاقوامی ٹیم ہو گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نظام الدین چودہری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی پر ہم نے دورے کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اسکواڈ کی حفاظت کے لیے اضافی سیکیورٹی دستہ بھی بھیجیں گے۔ ایمرجنگ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کی ٹیم گروپ بی موجود ہے جہاں اس کا مقابلہ میزبان پاکستان، متحدہ عرب امارات اور ہانک کانگ سے ہو گا۔ گروپ اے کے میچز کی میزبانی سری لنکا کرے گاجہاں میں عمان، ہندوستان اور افغانستان کا چیلنج درپیش ہو گا۔