میرپور ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف کرو یا مرو صورتحال کے مقابلہ سے عین قبل بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے خیمہ میں سب کچھ بہتر نہیں دکھائی دے رہا ہے اور ایسا لگ رہیکہ کپتان مشفق الرحیم اور ٹیم کے نمبر ایک کھلاڑی شکیب الحسن کے درمیان اختلافات پائے جارہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں 73 رنز کی شکست کے بعد پریس کانفرنس میں بنگلہ دیشی کپتان نے جو بیان دیا اس پر بی سی بی کے صدر نظام الحسن نے بھی کھلے عام بنگلہ دیشی کپتان کے بیان پر تنقید کی ہے۔
دوسری جانب شکیب الحسن نے کہا ہیکہ بنگلہ دیشی ٹیم اسی وقت کامیابی حاصل کرسکتے ہے جب حریف ٹیم کا مقابلہ میں بہتر دن نہ ہو۔ شکیب الحسن کے اس مایوس کن بیان کا دفاع کرتے ہوئے کپتان مشفق الرحیم نے کہا کہ شکیب الحسن کے بیان کا مطلب بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے بہترین بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ مظاہروں کے ذریعہ حریف ٹیم کو ایک بے رنگ مقابلہ دینا ہے۔ علاوہ ازیں کپتان مشفق الرحیم نے ایک متنازعہ بیان میں کہا ہیکہ ان کے چند ساتھی کھلاڑی ٹیم میں خود کو غیرمحفوظ تصور کرتے ہیں۔