بنگلہ دیشی شائقین نے ’’موقع‘‘ کا موقع نہیں گنوایا

ڈھاکہ۔23 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) شاندار کامیابی کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوںکو بنگلہ دیشی شائقین نے بھی ’’موقع موقع‘‘ گا کر خوب ستایا۔میزبان ٹیم نے دوسرے مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے گھریلو میدانوں پر مسلسل دسویں کامیابی درج کروائیہے اور اس کامیابی سے اسے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ہندوستانی ٹیم کے خلاف دوسرے ونڈے میں بنگلہ دیشی شائقین کا جوش و خروش بھی عروج پر تھا اور مقابلے میں اپنی ٹیم کا مضبوط موقف دیکھ کر انھیں حریف کھلاڑیوں کو ستانے کا موقع مل گیا اور وہ ’موقع موقع‘ گا کر ان کا مذاق اڑاتے رہے۔یاد رہے کہ ہندوستانی میڈیا میں ورلڈ کپ کے دوران موقع موقع کے عنوان سے میڈیا مہم میں بنگلہ دیشی ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا۔بنگلہ دیش نے ہندوستان کے خلاف ابتدائی دونوں مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی اور یہ اس کی گھریلو میدانوں پر مسلسل 10ویں کامیابی ہے۔ میزبان ٹیم نے زمبابوے کے خلاف 5، پاکستان سے 3 اور ہندوستان کیخلاف اب تک 2 مقابلوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور اس کی نظر اب کل کھیلے جانے والے تیسرے مقابلے پر مرکوز ہے۔بنگلہ دیش نے ہندوستان کے خلاف 31 مقابلوں میں پانچویں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس وقت آئی سی سی درجہ بندی میں بنگلہ دیش کے 93 نشانات ہیں اور اگر وہ آخری میچ اور جنوبی افریقہ سے تین مقابلوں کی سیریز میں وائٹ واش کا شکار بھی ہوگئی تب بھی90 نشانات رہیں گے اور ویسٹ انڈیز (88 نشانات ) آٹھویں نمبر پر رہے گاجس کی وجہ سیبنگلہ دیش کے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔