بنگلہ دیشی سیکس ریاکٹ بے نقاب

حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے علاقہ عنبر پیٹ اور نلہ کنٹہ میں دھاوا کرتے ہوئے بنگلہ دیشی سیکس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ اس ریاکٹ کا سرغنہ 38 سالہ عبدالباریق شیخ جو بنگلہ دیشی شہری ہے اور وہاں کے ضلع جاسور کا متوطن ہے ۔ شیخ نے اپنی بیوی 25 سالہ انجم آرا عرف پونم کی مدد سے مبینہ طور پر شہر میں سیکس ریاکٹ چلارہا تھا جس میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو جسم فروشی کے کاروبار میں مجبور کررہا تھا ۔ مسٹر ریڈی نے بتایا کہ شیخ اور انجم آراء دونوں اپنے ساتھی بنگلہ دیشی شہری 60 سالہ برہان اور 28 سالہ زین العابدین کی مدد سے لڑکیاں بنگلہ دیش سے حیدرآباد منتقل کی جاتی تھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیشی لڑکیوں کو غیرقانونی طور پر انڈو بنگلہ سرحد پار کراکر انہیں ملبوسات کی فیکٹری میں ملازمت کا جھانسہ دے کر انہیں جسم فروشی کے کاروبار میں ڈھکیل رہا تھا ۔ پولیس نے اس ریاکٹ میں ملوث 5 افراد بشمول ایک گراہک ای گوپالا کرشنا ساکن بڑی چوڑی سلطان بازار کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 4 موبائیل فون ‘ پلسر موٹر سائیکل اور ان کے شناختی کارڈ برآمد کرلئے ۔ ٹاسک فورس نے نلہ کنٹہ عنبرپیٹ علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے یہ گرفتاریاں عمل میں لائیں ۔