بنگلہ دیشی بولرس کے بہتر مظاہرہ کی ستائش

مستفیض کے ونڈے میں بھی کامیاب ہونے کا یقین : مشفق الرحیم
چٹگانگ 26 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے کرکٹ کپتان مشفق الرحیم نے اپنی ٹیم کے فاسٹ بولرس کی ستائش کی جنہوں نے جنوبی افریقہ کی شاندار بلے بازی کو پہلے ٹسٹ میں تہس نہس کردیا تھا ۔ مشفق الرحیم نے اس خیال کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کے بولرس نے اپنے آپ میں بہتری پیدا کی ہے اور وہ ستائش کے مستحق ہے ۔ ان بولرس نے جنوبی افریقی ٹیم کو پہلی اننگز میں محض 248 رنوں پر ڈھیر کردیا تھا ۔ مشفق نے پاکستان اور ہندوستان کے خلاف ٹسٹ میچس میں اپنی ٹیم کے ناقص مظاہرہ پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا تاہم انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے ڈرا ہونے کے بعد ٹیم کے بولرس کی ستائش کی ۔ انہوں نے بارش سے متاثرہ ٹسٹ کے ڈرا ہوجانے کے بعد کہا کہ جس طرح سے ان کے بولرس نے اس ٹسٹ میں بولنگ کی ہے وہ بہترین رہی اور ٹسٹ میچس میںاسی طرح کی بولنگ کی جانی چاہے ۔ انہوں نے اپنے نوجوان بولرس کے صبر و تحمل کی بھی ستائش کی ۔ نوجوان مستفیض الرحمن نے بنگلہ دیش کیلئے بہترین بولنگ کی ہے ۔ انہوں نے ٹیم کے فاسٹ بولنگ کے شعبہ کو استحکام بخشا ہے جبکہ محمد شاہد بھی اچھی محنت سے بولنگ کررہے ہیں۔ مشفق کا ماننا ہے کہ مستفیض ٹسٹ میچس میں اسی طرح کامیاب رہیں گے جس طرح انہوں نے ونڈے میچس میں کامیاب بولنگ کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستفیض بڑی تیزی سے سیکھتے ہیں۔ وہ اب سمجھ چکے ہیں کہ ٹسٹ میچس میں وکٹیں کیسے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انہیں دباؤ بنانے کیلئے مستقل مزاجی سے بولنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ خود مستفیض کا کہنا ہے کہ ونڈے میچس میں وکٹیں حاصل کرنا ٹسٹ میچس میں وکٹوں کے حصول سے آسان ہے ۔