کُھلنا۔یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیشی اوپنرس کی ریکارڈ ناقابل شکست شراکت کے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے بھرپور انداز میں واپسی کی ہے ۔میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 537 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سرفراز نے اپنا روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور اسکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا لیکن 594 کے مجموعی اسکور پر وہ 82 رنز بناکرپویلین لوٹ گئے۔انہوں نے اسد شفیق کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 126 رنز کی شراکت قائم کی۔نئے بلے باز وہاب ریاض کھاتا کھولے بغیر ہی تیج الاسلام کا شکار بنے۔اس موقع پر تمام تر نگاہیں اسد پر مرکوز تھیں کہ آیا وہ اپنی سنچری مکمل کرتے ہیں یا نہیں لیکن وہ 83 رنز بنانے کے بعد شکیب کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔اسد کے آؤٹ ہونے کے بعد 11 رنز کے اضافے سے پاکستان کے بقیہ دونوں کھلاڑی بھی پویلین لوٹ گئے
اور پاکستان نے پہلی اننگ میں 296 رنز کی برتری حاصل کی۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگ شروع کی تو اوپنرز تمیم اقبال اور امر القیس نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا خصوصاً ایک روزہ سیریز میں بہترین فارم میں نظر آنے والے تمیم نے روایتی انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب خوبصورت اسٹروک کھیلے۔دونوں کھلاڑیوں نے دن کے اختتام تک پاکستانی باؤلرز کا بھرپور امتحان لیا اور کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے بغیر کسی نقصان کے 273 رنز بنائے تھے، قیس 132 اور تمیم 137 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کو پاکستان کی پہلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کیلئے محض 23 رنز درکار ہیں۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی شراکت اب تک بنگلہ دیش کی ٹسٹ کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت ہے۔ بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 332 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔