بنگلور ہنوز متوازن ٹیم کی تلاش میں : کوہلی

جئے پور ۔3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی نے رواں سیزن ٹیم کی مسلسل ناکامیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنگلور ہنوز متوازن ٹیم کی تلاش میں ہے ۔ رواں سیزن رائل چیلنجرس بنگلور اپنی پہلی کامیابی کے تعاقب میں ہے جبکہ گزشتہ رات یہاں کھیلے گئے مقابلے میں اسے راجستھان رائلز کے خلاف بھی سات وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ بنگلور کیلئے یہ متواتر چوتھی شکست ہے جبکہ اس مقابلے سے قبل بنگلور اور راجستھان دونوں ہی رواں سیزن اپنی پہلی کامیابی کے لئے میدان میں اُترے تھے ۔ اس شکست کے بعد کوہلی نے کہاکہ یہ دیڑھ یا دو مہینے کا ٹورنمنٹ ہے اور ہمیں اس کے لئے بنگلور کی متوازن ٹیم کا جلد از جلد انتخاب کرنا ہوگا اور اس کے لئے ہم جلد ہی مل بیٹھ کر فیصلہ کریں گے ۔ اُمید کرسکتے ہیں کہ ٹیم میں چند نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے جن کی آمد سے ٹیم کا ماحول تبدیل ہوگا اور مسابقتی کھیل کے لئے بہتر اور قطعی گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب بھی ہوجائے گا ۔ کوہلی نے اس اُمید کابھی اظہار کیاہیکہ بنگلور کیلئے جلد حالات بدلیں گے ۔