ممبئی۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے این ایس سی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پرو اسپورٹس کبڈی لیگ مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیم بلس میں امریکی فٹبال کھیلنے والے پولینڈ کے مائیکل اسپکزچو بھی شامل ہیں جن کا نام کئی افراد حتی کہ کبڈی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والوں نے بھی نہیں سنا ہے۔ بنگلور بلس نے اگرچہ اسپکنرچو کو گزشتہ روز بنگال وارئیرس کے خلاف کھیلے گئے افتتاحی میچ میں شامل نہیں کیا تھا۔ اس کے باوجود بنگلور کی کامیابی کے میڈیا نے ان پر اپنی کافی توجہ مرکوز کی۔ ان سے پوچھا گیا کہ پولینڈ کے کسی شہری کو جنوبی ایشیا کے دیسی کھیل سے کیسے دلچسپی ہوگئی؟ انہوں نے جواب دیا کہ ’’یہ میری دلچسپی و جستجو کا نتیجہ ہے۔ پولینڈ میں میرے چند ہندوستانی دوستوں نے اس کھیل کے بارے میں سمجھایا تھا۔ انہوں نے اس کھیل کا تعارف کروایا اور کہا کہ یہ کھیل مقبول ہوسکتا ہے۔ مائیکل نے کہا کہ ’’پرو کبڈی لیگ کے بارے میں ان ہی افراد سے معلومات ہوئیں جنہوںنے مجھے اس کھیل سے واقف کروایا تھا۔ واضح رہے کہ برصغیر ہند کے باہر حتی کہ ایشیا کے دیگر حصوں میں بھی کبڈی زیادہ معروف نہیں ہے، اس کے باوجود لیگ مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں میں ایران بھی شامل ہے۔ گزشتہ سال منعقدہ انچیون ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی کبڈی ٹیم کو گولڈ میڈل حاصل ہوا تھا اور حیرت انگیز طور پر ایرانی مینس ٹیم نے دوسرے مقام کیساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔