بنگلور۔یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام)دو مرتبہ خطابات حاصل کرنے والی کولکتہ نائٹ رائیڈرس کل یہاں میزبان ٹیم رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 اہم نشانات اپنے نام درج کرنے کی خواہاں ہے تاکہ ٹیموں کے جدول میں دوسرا مقام حاصل کیا جاسکا۔ کولکتہ کی ٹیم فی الحال تیسرے مقام پر فائز ہے، جیسا کہ اس نے سات مقابلوں میں 8 نشانات حاصل کئے ہیں۔ کولکتہ نے تاحال چار فتوحات حاصل کئے ہیں جبکہ اسے تین ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، دوسری جانب مسائل سے پریشان رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم آٹھ ٹیموں کے جدول میں ساتویں مقام پر پہنچ چکی ہے۔ چھ مقابلوں میں شرکت کرنے کے بعد بنگلور کی ٹیم کو صرف چار نشانات حاصل ہوئے ہیں جس میں صرف دو کامیابیاں شامل ہیں۔ کولکتہ اور بنگلور دونوں ہی ٹیمیں اس مقابلے میں شرکت کرنے سے پہلے ناکامیاں برداشت کرچکی ہیں جیسا کہ ہفتہ کو کھیلے گئے مقابلوں میں کولکتہ کو دہلی کے خلاف جس کے بعد حیدرآباد میں منعقدہ مقابلے میں بنگلور کو میزبان ٹیم کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ کولکتہ اپنے مسائل پر فوری قابو پانے کیلئے کوشاں ہے کیونکہ دہلی کے خلاف اسے 27 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ 187 رنز کے تعاقب میں گوتم گمبھیر کی ٹیم 159 رنز پر ہی 18.3 اوورس میں آل آؤٹ ہوگئی۔ کولکتہ کے لئے چنا سوامی اسٹیڈیم خوش قسمت میدان ہے کیونکہ یہاں اس نے فائنل میں کنگس الیون پنجاب کو شکست دے کر دوسری مرتبہ آئی پی ایل خطاب حاصل کیا تھا۔ بنگلور جو کہ طاقتور بیٹنگ شعبہ کی حامل ٹیم ضرور ہے لیکن اس کا بولنگ شعبہ کمزور ہونے کی وجہ سے اسے رواں سیزن یکے بعددیگرے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کپتان کوہلی یقینا حالات کو اپنی ٹیم کے حق میں کرنے کوشاں ہوں گے جس کے لئے ان کے بولروں کو کچھ خاص کر دکھانا ہوگا۔