بنگلور کو آج ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ، حیدرآباد سے مقابلہ

بنگلور ، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپنے گزشتہ تین مقابلوں میں لگاتار حوصلہ شکن ناکامی کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور بلاشبہ جیت کی راہوں پر واپسی چاہیں گے جب وہ آئی پی ایل 7 کے اپنے اولین ہوم میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کا کل یہاں سامنا کریں گے۔ ویراٹ کوہلی اور ان کے ساتھیوں کو متحدہ عرب امارات میں اپنے غیراطمینان بخش مظاہرے کو جلد فراموش کرتے ہوئے چناسوامی اسٹیڈیم میں مانوس حالات کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا جبکہ وہ انڈیا مرحلے کا اپنا پہلا مقابلہ کھیل رہے ہوں گے۔ آر سی بی اور حیدرآباد دونوں ٹیموں نے چار پوائنٹس جٹائے ہیں، لیکن میزبان ٹیم بہتر نٹ رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل میں برتر مقام پر ہے۔ بنگلور نے اپنے ابتدائی دو میچز جیت کر ٹورنمنٹ میں واقعی اچھی شروعات کی تھی حالانکہ ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کرس گیل عدم دستیاب رہے، لیکن اس کے بعد آر سی بی کیلئے حالات بگڑتے گئے۔

ٹیم کی کامیابی کا زیادہ تر دارومدار جیسا کہ ان تمام چھ برسوں میں رہا ہے، گیل، کوہلی، یوراج سنگھ اور اے بی ڈی ولیرز پر منحصر رہے گا۔ پانچ میچوں میں جو ابھی تک آر سی بی نے کھیلے، یہ کھلاڑی توقعات کے مطابق دھوم نہیں مچاسکے ہیں۔ تاہم شکھر دھون زیر قیادت حیدرآباد ٹیم کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں ہے۔ وہ تو مزید پست حوصلہ دکھائی دیتے ہیں جبکہ انھوں نے ابھی تک بڑی جدوجہد سے پانچ میچوں میں صرف دو کامیابیاں درج کرائی ہیں۔ اُن کے پاس ٹورنمنٹ میں تاحال محض دو بیٹسمین … آرن فنچ اور ڈیوڈ وارنر… کچھ خاص مظاہرہ کرپائے ہیں،

گوکہ لوکیش راہول نے حیدرآباد کے گزشتہ میچ میں ممبئی انڈینس کے خلاف 40 گیندوں میں 46 اسکور کئے تھے۔ جہاں یہ ٹیم فنچ اور وارنر پر زیادہ انحصار کرے گی، وہیں اب وقت آگیا ہے کہ کپتان اور اوپنر دھون اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ مڈل آرڈر میں وینو گوپال راؤ اور ڈارن سامی جیسے کھلاڑیوں کو بھی کلیدی رول ادا کرنا ہوگا۔ حیدرآباد ٹیم کے بولروں نے ابھی تک زیادہ خراب کارکردگی نہیں دکھائی۔ اسٹرائیک بولرز ڈیل اسٹین اور بھونیشور کمار کافی پراستقلال رہے ہیں جبکہ لیگ اسپنرز امیت مشرا اور کرن شرما بھی اچھی خاصی گیندبازی کئے۔ مگر بولرز چاہیں گے کہ اُن کے بیٹسمین قابل لحاظ اسکور کھڑا کریں تاکہ وہ دفاع کرسکیں۔