بنگلور کا آج چینائی سے مقابلہ، ضابطہ کی کارروائی

بنگلور ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پلے آف میں رسائی کے امکانات ختم ہونے کے بعد رائل چیلنجرس بنگلور کل چینائی سوپرکنگس کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے آخری لیگ مقابلہ میں وقار کیلئے مظاہرہ کرے گی۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف گذشتہ روز کھیلے گئے مقابلہ میں 30 رنز کی شکست کے بعد رائل چیلنجرس بنگلور آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے آئندہ مرحلہ پلے آف میں رسائی سے محروم ہوگئی ہے۔ ویراٹ کوہلی جنہوں نے گذشتہ سیزن 600 سے زائد رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کیلئے بہترین مظاہرہ کیا تھا، اب ان کی ٹیم آئی پی ایل کے ساتویں سیزن کی ناکام مہم کا کامیابی کے ساتھ اختتام کرنے کیلئے کوشاں ہوگی لیکن مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپرکنگ کی ٹیم کے خلاف اسے سخت چیلنج درپیش رہے گا۔ طاقتور چینائی سوپرکنگس نے پہلے ہی پلے آف میں رسائی حاصل کرلی ہے تاہم اسے گذشتہ مقابلہ میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف 6 وکٹوں کی شکست ہوئی ہے لہٰذا وہ پلے آف میں رسائی سے قبل کامیابی حاصل کرنے کی خواہاں ہوگی۔