بنگلور کا آج دہلی اور راجستھان کا کولکتہ سے مقابلہ

بنگلور ؍ جئے پور۔ 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بیٹنگ میں شاندار بہتری کرتے ہوئے 200 رنز کا اسکور بنائے جانے کے باوجود رائل چیلنجرس بنگلور آئی پی ایل کے رواں سیزن میں ہنوز اپنی پہلی کامیابی کے تعاقب میں ہیں اور امید کررہی ہے کہ کل یہاں دہلی کیپٹلس کے خلاف کی جانے والی میزبانی والے مقابلے میں وہ پہلی کامیابی حاصل کرلے گی۔ رواں سیزن آر سی بی کو کھیلے گئے تمام پانچوں مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ آر سی بی کیلئے یہ اپنے گھریلو میدان پر تیسرا مقابلہ ہے۔ اس سے قبل اسے گھریلو میدان پر کھیلے گئے ابتدائی دو مقابلوں کے علاوہ دیگر ٹیموں کے میدانوں پر بھی کھیلے گئے تین مقابلوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے۔ ابتدائی چار مقابلوں میں کپتان کوہلی اور اسٹار بیٹسمین اے بی ڈی ویلیرس مسلسل ناکام ہورہے تھے، لیکن گزشتہ مقابلوں میں ڈی ویلیئرس نے 63 جبکہ کوہلی نے 84 رنز اسکور کئے لیکن اینڈری رسل کی طوفانی اننگز نے 200 سے زائد کا ہمالیائی اسکور بھی کے کے آر نے حاصل کرلیا۔ اس شکست نے کوہلی کو مزید جھنجھلاہٹ کا شکار بنادیا ہے، کیونکہ شاندار بیٹنگ کے باوجود بولروں نے ہمالیائی اسکور کا بھی دفاع نہیں کیا بلکہ اہم اوور میں 29 رنز دیئے۔ یوزویندر چہل اور پاون نیگی کے علاوہ کوئی بولر بھی بہتر مظاہرہ نہیں کرپایا۔ آر سی بی کیلئے بولروں کا ناقص مظاہرہ تشویش کا باعث ہے کیونکہ کولکتہ کے خلاف 200 رنز سے زیادہ کا اسکور دینے کے علاوہ سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف بھی بولروں نے 232 رنز دیئے تھے جس میں حیدرآباد کے اوپنرس ڈیوڈ وارنر اور جانی بیریسٹو نے سنچریاں اسکور کیں۔ دوسری جانب دہلی کیلئے رواں سیزن کے نتائج ملے جلے ہیں کیونکہ اس نے کامیاب آغاز کرنے کے بعد اپنے بہتر مظاہروں کے سلسلے کو برقرار نہیں رکھ پائی۔ دہلی نے آخری تین مقابلے گنوائے ہیں حالانکہ ریشپھ پنت نے ممبئی کے خلاف پہلے مقابلے میں 78 رنز کا اسکور بنایا تھا لیکن پارتھیو شاہ، شکھر دھون، کپتان ایّر اور کولن انگرام کے مظاہروں میں استقلال کا فقدان ہے۔ دن کا دوسرا مقابلہ راجستھان رائلس اور کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس مقابلے میں کے کے آر کو کامیابی کیلئے پسندیدہ موقف حاصل ہے کیونکہ اس کے بیٹسمینوں نے حالیہ مقابلوں میں شاندار فتوحات حاصل کی ہیں۔ دوسری جانب راجستھان کے مظاہروں میں بھی استقلال کا فقدان ہے۔ راجستھان کیلئے سب سے بہتر اور خوش آئند بات شریاس گوپال کی بولنگ ہے جنہوں نے گزشتہ مقابلے میں کوہلی اور ڈی ویلیرس کو آؤٹ کرنے کے بعد شمرون ہٹ مائر کو بھی پویلین کی راہ دکھائی تھی اور کل کے مقابلے میں رسل کے خلاف ان کے مظاہروں پر توجہ مرکوز رہے گی۔