بنگلورو۔2 اگست : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت نے چند آئی پی ایس افسران کے تبادلے کرتے ہوئے آج ریاستی راجدھانی بنگلور کے پولیس کمشنر کے عہدہ پر ایک نئے افسر کو مقرر کردیا اور موجودہ کمشنر پروین سود کو اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مواصلات کے شعبے میں بھیج دیا۔ آج ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے حکمنامہ کے تحت آئی پی ایس آفیسر آشت موہن پرساد کو ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انٹلی جنس کے طور پر مقرر کیاگیا۔ شہر کے پولیس کمشنر پروین سود کا تبادلہ کرکے انہیں محکمۂ مواصلات وجدید کاری کے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل کا ذمہ سونپا گیا ہے، جبکہ کرناٹک اسٹیٹ پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر ٹی سنیل کمار کا تبادلہ کرکے انہیں اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور بنگلور سٹی پولیس کمشنر کے عہدہ پر فائز کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر پی ایس ہرشا ڈپٹی کمشنر آف پولیس نارتھ کا تبادلہ کرکے ریاستی حکومت نے انہیں ریاستی محکمۂ اطلاعات ورابطۂ عامہ کا ڈائرکٹر مقرر کیا ہے۔ جبکہ محکمہ کے موجودہ ڈائرکٹر این آر وشو کمار کا تبادلہ کرکے انہیں محکمہ ٔ کنڑا اینڈ کلچر کے ڈائرکٹر کا عہدہ دیا گیا ہے۔ محکمۂ کنڑا اینڈ کلچر کی ڈائرکٹر ایم ایس ارچنا کو بنگلور اربن ضلع پنچایت چیف ایگزی کیٹیو آفیسر مقرر کیاگیا ہے۔