بنگلورو۔25؍جون:( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بنگلور ون مراکز کے قیام کیلئے بی بی ایم پی کی جانب سے 50 عمارتوں کو محکمۂ ای انتظامیہ کے حوالے کیاگیا۔ جہاں پر مختلف شہری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ سدرامیا نے بتایاکہ شہر میں موجود بنگلور ون مراکز کیلئے افزود 50 عمارتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ان مراکز میں تکنیکی خامیوں کو فوری طور پر درست کرنے کیلئے افسران کو ہدایت دی گئی ہے، تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ آج داسر ہلی میں تین،مہا دیو پورہ میں14، بمن ہلی میں دو ، ساؤتھ ڈویژن میں 13، ویسٹ ڈویژن میں دو ، ایسٹ ڈویژن میں گیارہ، راجہ راجیشوری نگر میں تین اور یلہنکا میں دو عمارتوں سمیت 50 عمارتوں کو بنگلور ون مراکز کے قیام کیلئے محکمۂ ای انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں سدرامیا نے بتایاکہ وہ چاہتے ہیں کہ بی بی ایم پی انتخابات سے قبل ہی بورڈ ز اور کارپوریشنوں کے ڈائرکٹرس اور اراکین کی نامزدگی کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ اگر فوری طور پر انتخابات کا اعلان کردیا گیا تو انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ہی اس فہرست کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت نے فہرست کو قطعیت دے دی ہے، چند ایک بورڈز اور کارپوریشنوں میں نامزدگیاں ابھی باقی ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ بنگلور ون مراکز کیلئے مزید عمارتیں فراہم کرنے پر غور کیا جارہاہے۔اس موقع پر بی بی ایم پی کمشنر جی کمار نائک اور محکمۂ ای انتظامیہ کے سکریٹری سری وتسا کرشنا اور دیگر موجود تھے۔